ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بہار: این ڈی اے میں ترہت کونسل سیٹ کے لیے رسہ کشی، ایل جے پی (آر) کے راکیش روشن کا استعفیٰ

بہار: این ڈی اے میں ترہت کونسل سیٹ کے لیے رسہ کشی، ایل جے پی (آر) کے راکیش روشن کا استعفیٰ

Sun, 03 Nov 2024 17:26:35  SO Admin   S.O. News Service

پٹنہ، 3/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)بہار میں ترہت قانون ساز کونسل کے ضمنی انتخاب کے معاملے پر این ڈی اے میں اندرونی اختلافات سامنے آ رہے ہیں۔ اس سیٹ کو جے ڈی یو کے کوٹے میں شامل کیا گیا ہے، جو دیویش چندر ٹھاکر کے سیتامڑھی سے ایم پی منتخب ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ اس خالی نشست پر ضمنی انتخاب ہو رہا ہے، اور این ڈی اے نے جے ڈی یو کے امیدوار کے طور پر ابھیشیک جھا کو میدان میں اتارا ہے۔

معاملہ تب گڑبڑ ہوتا نظر آیا جب لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے رہنما راکیش روشن نے اسی سیٹ پر انتخاب لڑنے کا اعلان کر دیا۔ ایل جے پی آر وی نے اسے پارٹی مخالف سرگرمی مانتے ہوئے ریاستی نائب صدر راکیش روشن کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا اور ان سے دو دن کے اندر جواب طلب کیا۔ ترہت سے ضمنی انتخاب لڑنے کا فیصلہ کر چکے راکیش روشن نے وجہ بتاؤ نوٹس کا جواب استعفیٰ دے کر دیا ہے۔

راکیش روشن نے پارٹی کے صدر چراغ پاسوان کو اپنا استعفیٰ بھیجا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ پر بھی اس سلسلے میں طویل پوسٹ کیا ہے۔ اس میں انہوں نے ریاستی صدر کے عہدہ سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے اتحاد کی سیاست پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کو نقصان پہنچنے کی بات بھی کہی ہے۔

انہوں نے اپنا استعفیٰ دینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ لوک سبھا انتخاب میں بھیا (چراغ پاسوان) نے ہمیں ویشالی سے ٹکٹ دینے کا وعدہ کیا تھا۔ ہم انتخاب لڑنے کی تیاری کر چکے تھے لیکن ٹکٹ نہیں ملا۔ اب انتخاب لڑنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں، عوام بھی ہمارے ساتھ ہے۔

قابل ذکر ہے کہ راکیش روشن نے ایل جے پی آر وی کی طرف سے 2020 میں راگھو پور اسمبلی سے انتخاب لڑا تھا۔ اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو کے خلاف انتخاب لڑنے والے راکیش روشن کو تقریباً 25 ہزار ووٹ ملے تھے۔ وہ شمالی بہار کی سیاست میں بڑا نام رہے آنجہانی برج ناتھی سنگھ کے بیٹے ہیں اور طالب علمی کے دور سے ہی ایل جے پی سے جڑے رہے ہیں۔


Share: